Vinkmag ad

پاکستانی میڈیکل مشن دوران حج ہیلتھ ایمرجنسیز سے نپٹنے کے لیے تیار

پاکستانی میڈیکل مشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ دوران حج ہیلتھ ایمرجنسیز سے نپٹنے کے لیے تیار ہے۔ اس کا اظہار مشن کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمیل احمد لکھیار نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔

ان کے بقول حاجیوں کے لیے مکہ، مدینہ اور جدہ میں دو ہسپتال اور 11 ڈسپنسریاں قائم کی گئی ہیں۔ مرکزی ہسپتال اور آٹھ ڈسپنسریاں مکہ مکرمہ میں، ایک ہسپتال اور دو ڈسپنسریاں مدینہ میں اور ایک ڈسپنسری جدہ میں قائم ہے۔ یہ ڈسپنسری کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ہے۔

مزید تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں رہائش گاہوں کو نو زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایک زون میں مرکزی ہسپتال جبکہ باقی میں سے ہر ایک میں ڈسپنسری موجود ہے۔ دونوں ہسپتالوں میں ایکسرے، الٹراساؤنڈ اور لیب ٹیسٹنگ کی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔ سنگین بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو مزید علاج کے لیے سعودی ہسپتالوں میں بھی بھیجا جا سکتا ہے۔ میڈیکل ٹیم میں امراض قلب، امراض سینہ اور امراض جلد کے علاوہ فزیالوجسٹ، پیتھالوجسٹ اور ریڈیالوجسٹ بھی شامل ہوں گے۔

ہیٹ سٹروک سے بچنے کا اہتمام کریں

انہوں نے کہا کہ مریضوں کی اکثریت فلو، کھانسی، گلے میں انفیکشن، بخار اور پٹھوں کے مسائل کے ساتھ آ رہی ہے۔ انہوں نے حجاج کو مشورہ دیا کہ وہ ہیٹ اسٹروک سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہیں چاہیے کہ ماسک پہنیں اور چھتری  استعمال کریں۔ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نہ جائیں اور پانی زیادہ پیئں۔

حج ایک پر مشقت سرگرمی ہے۔ ان دنوں گرمی کی شدید لہر بھی جاری ہے۔ اس لیے اس دوارن صحت کے مسائل پیدا ہونے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ پاکستانی میڈیکل مشن کی تیاریاں خوش آئند ہیں۔ تاہم پرہیز علاج سے بہتر ہے۔ اس لیے اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ ضروری دوائیں اپنے ساتھ رکھیں اور احتیاطی تدابیر پر پوری طرح سے عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

وٹامن ڈی کی کمی

Read Next

معروف اداکار فردوس جمال کینسر سے صحت یاب

Leave a Reply

Most Popular