Vinkmag ad

قربانی کا گوشت محفوظ کرنے کے طریقے

بہت سے لوگ چاہتے ہیں کہ قربانی کے بعد اضافی گوشت کو محفوظ کر لیا جائے تاکہ یہ بعد میں بھی استعمال کے قابل ہو۔ کوکنگ کی دنیا میں گوشت محفوظ کرنے کے طریقوں کو کیورنگ کہتے ہیں۔ اس کا مقصد گوشت پر موجود جراثیم کی بڑھوتری کو روکنا ہے تاکہ وہ خراب نہ ہو سکے۔ گوشت محفوظ کرنے کے طریقے تو بہت سے ہیں تاہم ہم اپنی ضرورت اور سہولت کے مطابق مناسب طریقے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

گوشت کو محفوظ کرنے کے طریقے

نمک لگانا

گوشت میں موجود بیکٹیریا کو افزائش کے لیے جس پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ پانی انہیں گوشت سے با آسانی مل جاتا ہے۔ نمک لگانے سے گوشت کا پانی ختم ہو جاتا ہے۔ یوں بیکٹیریا وہاں نشوونما نہیں پا سکتے۔ جب ریفریجریٹر کی سہولت موجود نہیں ہوتی تھی تو یہ طریقہ بکثرت استعمال ہوتا تھا۔ آج بھی بعض لوگ اس سے استفادہ کرتے ہیں۔ اس طریقے سے گوشت تازہ رہتا ہے۔

ایک پاؤ نمک اور ایک چوتھائی کپ چینی کو مکس کر کے ساڑھے پانچ کلوگرام گوشت پر لگائیں۔ پھر گوشت کو کسی پیپر یا پلاسٹک میں لپیٹ کر ہوا بند برتن میں محفوظ کر لیں۔ اس طریقے سے گوشت کو محفوظ کرنے پر اسے فریزر کی ضرورت نہیں پڑتی۔ اسے 38 فارن ہائیٹ سے کم درجہ حرارت پر رکھیں۔ یوں آپ اسے تین سے چار دن تک محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ جب بھی استعمال کرنا ہو، اسے دھو کر استعمال کریں۔

دھوپ میں سکھانا

گوشت میں موجود پانی کو دھوپ میں رکھ کر خشک کرنا بھی ایک بہترین خیال ہے۔ اس کے لیے گوشت کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر لیں۔ ایک صاف ستھرا کپڑا لے کر ان ٹکڑوں کو اس پر پھیلا دیں۔ پھر اسے ململ کے صاف کپڑے سے ڈھانپ کر کناروں پر کوئی بھاری چیز رکھ دیں۔ آپ انہیں دھاگے میں پرو کر لٹکا بھی سکتے ہیں۔ جب گوشت کے ٹکڑے ہاتھ سے دبانے سے ٹوٹنے لگیں تو یہ محفوظ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ خیال رہے کہ اس میں کافی دن لگ سکتے ہیں۔ ساون کے مہینے میں اسے اس طرح خشک نہ کریں۔

گوشت تیار ہونے پر ایک بڑے ٹرے میں پسے ہوئے کوئلے پھیلائیں۔ پھر اس پر ململ کا کپڑا بچھا کر اوپر گوشت کے پیس رکھیں۔ انہیں ململ کے ایک اور کپڑے سے ڈھانپ کر اوپر مزید کوئلے رکھ دیں۔ اس ٹرے کو اچھی طرح ڈھانپ دیں۔ اس آسان طریقے کی بدولت گوشت کو تادیر محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔

فریز کرنا

یہ طریقہ آج کل تقریباً ہر گھر میں ہی گوشت کو محفوظ کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس کے لیے ان ہدایات پر عمل کریں:

٭ گوشت کو لہسن، ادرک اور دیگر ہربز لگا کر کچھ دیر تک چھوڑ دیں۔

٭ فریز کرنے سے پہلے گوشت کو دھونا بہت ضروری ہے لیکن زیادہ رگڑ کر دھونے سے اجتناب کریں۔ دوسری صورت میں گوشت اضافی پانی جذب کر لے گا نتیجتاً اس کا ذائقہ اور ساخت متاثر ہوگی۔

٭ دھوئے ہوئے گوشت کو جتنی مقدار میں بنانا ہو اتنی مقدار میں پلاسٹک کے صاف تھیلوں میں بھر لیں۔

٭ گوشت کو نکال کر فوراً ہانڈی میں نہ ڈالیں۔ پہلے اسے کچھ دیر فریج میں پڑا رہنے دیں۔ جب یہ نرم ہو جائے تو ہانڈی میں ڈال کر گلا لیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

گلٹی دار جلدی بیماری کی ویکسین جاری

Read Next

گوشت خوری کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے ہدایات

Leave a Reply

Most Popular