Vinkmag ad

کیا آپ جانتے ہیں دن میں عموماً کتنے بال جھڑتے ہیں؟

بعض افراد کے بال سیدھے اور کچھ کے گھنگریالے ہوتے ہیں۔ اسی طرح ان کے رنگ بھی مختلف ہوتے ہیں جیسے بھورے، سنہری، سرخ اور سیاہ۔ ان خصوصیات کا انحصار کئی عوامل پر ہوتا ہے جن میں سے ایک موروثیت یعنی والدین سے حاصل کردہ جینز بھی ہیں۔ دنیا میں تقریباً 90 فی صد افراد کے بال بھورے یا کالے رنگ کے ہی ہوتے ہیں۔ بالوں سے متعلق کچھ دلچسپ حقائق یہ ہیں:

٭ یہ کیراٹن نامی پروٹین سے بنے ہوتے ہیں۔ یہی پروٹین ناخن اور جلد بھی بناتی ہے۔

٭ ہیئر فولیکل جلد پر وہ جگہ ہے جہاں سے بال اگتے ہیں۔ یہ ہر شخص میں پیدائش کے وقت سے ہی پائے جاتے ہیں۔ وقت کے ساتھ ان کی تعداد میں کمی یا اضافہ نہیں ہوتا۔ سر پر یہ تقریباً ایک لاکھ جبکہ پورے جسم پر ان کی تعداد 50 لاکھ ہوتی ہے۔

٭ ہر بال کے نیچے ایک پٹھا ہوتا ہے۔ جب ہم شدید قسم کے جذبات محسوس کرتے ہیں تو ایڈرینالین ہارمون متعلقہ غدود سے نکل کر اس پٹھے کو کھینچ دیتا ہے۔ نتیجتاً بال کھڑے ہو جاتے ہیں اور وہاں کی جلد بھی اٹھ جاتی ہے۔

٭ جسم کے چند مخصوص حصے ایسے ہیں جن پر بال نہیں ہوتے۔ ان میں ہتھیلیاں، ایڑیاں اور ہونٹوں کا سرخ حصہ شامل ہیں۔

٭ اگر برابر قطر کے ایک بال اور کاپر تار کا موازنہ کیا جائے تو بال زیادہ مضبوط ہوگا۔

٭ صحت مند بال گیلے ہونے پر اپنی لمبائی سے 30 فی صد زیادہ کھینچے جا سکتے ہیں۔ کھچنے کے بعد ان کا واپس اپنی جگہ پر نہ جانا اس بات کی طرف اشارہ ہوتا ہے کہ وہ پروٹین کی کمی کا شکار ہیں۔ اگر اس دوران یہ ٹوٹ جائیں تو اس کی وجہ بالوں میں پروٹین کی مقدار کا زیادہ اور نمی کا کم ہونا ہو سکتا ہے۔

٭ بالوں کا صرف وہ حصہ زندہ ہوتا ہے جو کھوپڑی کے اندر ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب یہ درمیان سے ٹوٹتے ہیں تو ہمیں درد محسوس نہیں ہوتا مگر جب جڑ  سے نکالے جائیں تو درد ہوتا ہے۔

بالوں کا جھڑنا اور نشوونما

٭ دن میں عموماً 50 سے 100 کے درمیان بال جھڑتے ہیں۔ جو افراد بالوں کی صحت کا کم خیال رکھتے ہیں ان میں یہ اس سے زیادہ بھی گر سکتے ہیں۔

٭ سر کے بال ہر ماہ اوسطاً آدھا انچ جبکہ سال میں چھ انچ کے قریب بڑھتے ہیں۔

٭ بالوں کی نشوونما کا انحصار مختلف عوامل پر ہوتا ہے۔ ان میں جینز، عمر، غذائیت اور جنس شامل ہیں۔خواتین کے مقابلے میں مردوں کے بال زیادہ جلدی بڑے ہوتے ہیں۔

٭ انسانی جسم میں ہڈیوں کا گودا سب سے زیادہ تیزی سے افزائش پانے والا ٹشو ہے۔ بال اس فہرست میں دوسرے نمبر پر آتے ہیں۔

بالوں کی اہمیت

٭ بال ہمیں گرد اور الٹراوائلٹ شعاعوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔

٭ یہ جسم کے درجہ حرارت کو نارمل سطح پر برقرار رکھنے اور چیزوں کو محسوس کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔

٭ ان کے گرد ایسے اعصاب ہوتے ہیں جن کی وجہ سے ہم کسی بھی چیز کو محسوس کر سکتے ہیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

پاکستان میں ڈبہ پیک دودھ پیرس سے بھی مہنگا

Read Next

امریکہ میں نرسوں اور طبی عملے کی بہت مانگ ہے، سربراہ امریکی وفد

Leave a Reply

Most Popular