Vinkmag ad

بارش کے موسم میں بیماریوں سے کیسے بچیں؟

قدرت کی بے شمار نعمتوں میں سے ایک مختلف طرح کے موسم بھی ہیں۔ بارش کے موسم کی بات کریں تو یہ بہت سے لوگوں کا پسندیدہ ترین موسم ہوتا ہے۔ تاہم اگر صحت سے متعلق احتیاط نہ کی جائے تو اس میں مختلف مسائل پیش آ سکتے ہیں۔

موسم برسات کے مسائل

٭ بارشوں کے بعد گندا پانی جوہڑوں اور تالابوں کی شکل میں جمع ہو جاتا ہے۔ ایسی جگہوں میں مچھر آسانی سے پھلتے پھولتے ہیں۔ یہ  کئی جلدی اور دیگر بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔

٭ اس موسم میں بخار اور نزلہ زکام بھی کافی عام ہیں۔

٭ برسات میں حبس اور گرمی کی شدت بڑھ جاتی ہے۔ نتیجتاً پسینہ زیادہ آتا ہے اور پانی کی کمی ہو سکتی ہے۔

مسائل سے بچاؤ کے لیے ٹپس

٭ مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے اپنے گرد و نواح میں گڑھوں کو چونا یا مٹی ڈال کر بند کر دیں۔ مچھر دانی استعمال کریں اور گھروں میں مچھر مار سپرے کروائیں۔ ملیریا ہو جائے تو ڈاکٹر کے مشورے سے ادویات استعمال کریں اور ان کا کورس مکمل کریں۔ 

٭بخار اور نزلہ زکام کی صورت میں قہوے میں لیموں نچوڑ کر استعمال کریں۔

٭ گلے میں خراش یا تکلیف ہو تو نیم گرم پانی میں نمک ڈال کر اس محلول سے دن میں تین سے چار بار غرارے کریں۔ آرام نہ آئے تو ڈاکٹر کو دکھائیں۔

٭ پانی زیادہ پیئیں اور گرمی سے بچنے کے لیے اقدامات کریں۔

٭ سر پر کوئی کپڑا یا تولیہ ضرور رکھیں۔ وقتاً فوقتاً کپڑے کو گیلا کر کے سر پر رکھتے رہیں۔ 

٭ باہر جانے سے پہلے اور گھر آنے کے بعد پانی اور نمکیات کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔ بلڈ پریشر اور دل کے مریض نمکیات کا استعمال ڈاکٹر کی ہدایات کے مطابق کریں۔

٭ گھر کے بنے مشروبات مثلاً لسی، ستو کا شربت اور فالسے کے شربت وغیرہ استعمال کریں۔ 

دیگر احتیاطیں 

٭ گھر کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں۔ کچن کو بالخصوص صاف رکھیں۔ کھانے پینے کی اشیا ڈھانپ کر رکھیں اور کھانے کے برتن اچھی طرح دھو کر استعمال کریں۔ کھانا کھانے سے قبل ہاتھ بھی اچھی طرح دھو لیں۔

٭ اس موسم میں گوشت، تلی ہوئی اور مصالحے دار اشیاء کی جگہ آسانی سے ہضم ہونے والی غذائیں استعمال کریں۔

٭ پانی ابال کر پیئیں اور اس کے برتن ڈھانپ کر رکھیں۔

٭ بارشوں کے موسم میں بیماریوں کا سب سے زیادہ نشانہ بچے بنتے ہیں۔ لہٰذا ان کی غذا اور صفائی کا زیادہ خیال رکھیں۔ انہیں پھل اور سبزیاں اچھی طرح دھو کر کھلائیں۔

٭ بارش میں بھیگنے کے بعد صابن سے نہا کر صاف اور مکمل خشک کپڑے پہنیں۔ بارش میں بھیگے ہوئے کپڑوں کو دھو کر اور خشک کر کے استعمال کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

موسم برسات میں جلد کی دیکھ بھال

Read Next

بھارت میں نیپاہ وائرس سے ہلاکت کے بعد الرٹ جاری

Leave a Reply

Most Popular