Vinkmag ad

گیسٹرو انٹرائٹس

گرمیوں میں پیٹ کی بیماریوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس کا ایک سبب آلودہ خوراک اور پانی کا استعمال ہے۔ بیکٹیریا اور وائرس کی وجہ سے ہونے والے انفیکشن کے باعث خوارک کی نالی، معدے اور چھوٹی آنت میں سوجن ہو جاتی ہے جسے گیسٹرو انٹرائٹس کہتے ہیں۔ اس موسم میں چونکہ پانی کا استعمال بڑھ جاتا ہے، اس لیے اس مرض کے امکانات بھی زیادہ ہو جاتے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 600 ملین افراد آلودہ خوراک کھانے اور پانی پینے سے بیمار ہوتے ہیں۔ ان میں 42 لاکھ افراد اس سے منسلک بیماریوں کی وجہ سے لقمہ اجل بنتے ہیں۔

ابتدائی علامات

مرض کے آغاز میں یہ علامات ظاہر ہو سکتی ہے:

٭ معدے میں درد یا جلن

٭ متلی اور قے

* جسم میں کمزوری

* سر درد اور بخار

٭ پاخانے میں خون آنا

٭ بھوک کم اور پیاس زیادہ لگنا

٭ پیٹ کے نچلے حصے میں درد

حالت بہت زیادہ خراب ہو جائے تو جسم  میں پانی کی اس قدر کمی ہو جاتی ہے کہ گردے فیل ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ اس بیماری کا دورانیہ عموماً تین سے پانچ دن تک ہوتا ہے۔

مرض کی وجوہات

٭ یہ بیماری عام طور پر وائرس کی وجہ سے ہوتی ہے تاہم کچھ بیکٹیریا اور پیراسائٹس بھی اس کی وجہ بن سکتے ہیں۔

٭ ناقص صفائی والے ہوٹلوں سے کھانا کھانے اور آلودہ پانی پینے کی وجہ سے یہ بیماری بڑی تیزی سے پھیلتی ہے۔

٭ کچھ اینٹی بائیوٹکس بھی اس کا باعث بن سکتی ہیں۔ آنتوں میں ایک خاص مقدار میں انسانی صحت کے لیے مفید بیکٹیریا ہوتے ہیں۔ جب کوئی مریض نقصان دہ بیکٹیریا کو مارنے کے لیے اینٹی بائیوٹکس زیادہ مقدار میں کھاتا ہے تو آنتوں میں موجود مفید بیکٹیریا بھی مر جاتے ہیں۔ یوں ان کا تناسب بگڑ جانے سے بھی یہ بیماری ہو سکتی ہے۔

تشخیصی ٹیسٹ

زیادہ تر اس کی تشخیص مریض کی ظاہری حالت سے ہو جاتی ہے۔ کچھ صورتوں میں جسم میں نمکیات کے تناسب کو چانچنے کے لیے خون کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ گردوں کی فعالیت کی چانچ کے لیے بھی مختلف ٹیسٹ تجویز کیے جاتے ہیں۔

بچاؤ کی تدابیر

٭ کھانا کھانے سے پہلے، باتھ روم سے آنے کے بعد اور بچوں کے ڈائپرز تبدیل کرنے کے بعد اچھی طرح سے ہاتھ دھوئیں۔

٭ باسی کھانا مت کھائیں۔

٭ پانی ہمیشہ ابال کر استعمال کریں۔

٭ یہ بیماری بعض اوقات وبائی صورت اختیار کر لیتی ہے۔ جن علاقوں میں یہ مرض پھیلا ہو، وہاں جانے سے گریز کریں۔ کمزور قوت مدافعت کے حامل لوگ خاص طور پر احتیاط کریں۔

٭ کھانے کو اچھی طرح پکائیں اور ڈھانپ کر رکھیں۔

٭ ٹھیلوں سے چاٹ اور اس طرح کی دیگر اشیاء کھانے پینے سے اجتناب کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

سرکاری ہسپتالوں کی پرائیویٹائزیشن کے فیصلے پر ڈاکٹروں کا احتجاج

Read Next

ڈوبنے سے اموات کی روک تھام کا عالمی دن

Leave a Reply

Most Popular