Vinkmag ad

خناق یا ڈپتھیریا کیسی بیماری ہے

خناق یا ڈپتھیریا ایک متعدی مرض ہے جو ناک، گلے اور بعض اوقات جلد کو بھی متاثر کرتا ہے۔ اس کا برقت علاج نہ ہو تو مریض، خصوصاً بچوں کی جان جانے کا بھی خطرہ ہوتا ہے۔

یہ کیسے پھیلتا ہے اور اس کی علامات کیا ہیں

یہ متاثرہ فرد کی کھانسی، چھینک، مریض سے قریبی رابطے اور مشترکہ سامان مثلاً کپ، برتنوں، کپڑوں اور بستر کی چادروں وغیرہ کے ذریعے پھیل سکتا ہے۔

انفیکشن کے عموماً دو سے پانچ دنوں بعد گلے یا ناک میں یا زبان پر سرمئی یا سفید رنگ کی تہہ بن جاتی ہے۔ اس مرض میں تیز بخار، گلا خراب ہونے، اس کے غدود میں سوجن اور سانس لینے یا چبانے میں دقت ہوسکتی ہے۔

جن علاقوں میں صفائی ستھرائی کا خیال نہ رکھا جاتا ہو وہاں خناق کے جراثیم عموماً جلد کو متاثر کرتے ہیں۔ ایسے میں ٹانگوں، ہاتھوں اور پاؤں پر پیپ سے بھرے آبلے بن جاتے ہیں۔ بڑے السر بھی بنتے ہیں جن کے گر دجلد زخمی یا سرخ دکھائی دیتی ہے۔

خناق سے کیسے بچیں 

خناق سے بچاؤ کے لئے ویکسین (DTap) دستیاب ہے جو تشنج(Tetanus) اور کالی کھانسی(Whooping cough) سے بھی تحفظ دیتی ہے ۔ ویکسی نیشن کی وجہ سے اکثر ممالک سے اس انفیکشن کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہے۔

ویکسین کی پانچ خوراکیں ہیں۔ پہلی خوراک دو ماہ، دوسری چار ماہ، تیسری چھ ماہ،چوتھی 15 سے 18 ماہ اور پانچویں چار سے چھ سال کی عمر میں لگائی جاتی ہے۔ اس کے بعد بوسٹر خوراک لگوانا ہوتی ہے۔جن بچوں کا پہلا کورس سات سال کی عمر تک مکمل ہوجائے انہیں 11 سے 12 سال کی عمر میں اور پھر ہر 10 سال کے بعد بوسٹر خوارک لگائی جاتی ہے۔

ان صورتوں میں ڈاکٹر سے رابطہ کریں

خناق کا علاج نہ کروایا جائے تو سانس کے مسائل، دل فیل ہونے، گردوں کی خرابی اور اعصاب کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہوتا ہے۔ اس لئے اسے سنجیدہ لیں اور ان صورتوں میں بلا تاخیر ہسپتال جائیں:

٭اس انفیکشن کی علامات ظاہر ہوں۔

٭کسی ایسی جگہ پر ہوں یا وہاں سے آئے ہو ں جہاں یہ انفیکشن وبائی شکل اختیار کر چکا ہو۔

٭متاثرہ شخص سے قریبی رابطہ ہوا ہو۔

علاج کیا ہے

اس کا علاج دو سے تین ہفتوں تک ہسپتال میں کیا جاتا ہے۔ اس دوران جراثیم کو ختم کرنے کے لئے اینٹی بائیوٹکس اور پیدا شدہ زہریلے مادوں کو ختم کرنے کے لئے دیگردوائیں دی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ مریض کو دوسروں سے الگ رکھا جاتا ہے اورجلد پر زخم ہوں تو انہیں مکمل صاف کیا جاتا ہے۔ السر دو سے تین ماہ میں ٹھیک ہوجاتے ہیں تاہم نشان چھوڑ جاتے ہیں۔

what is diptheria, what is the treatment of diptheria, is there any way to prevent diptheria, diptheria kya hai

Vinkmag ad

Read Previous

ایکنی کیوں ہوتی ہے؟

Read Next

سٹروک اور امراض قلب سے بچاؤ کے 8 طریقے

Leave a Reply

Most Popular