Vinkmag ad

اسلام آباد کے نواح میں ذہنی صحت کے مریضوں کے لیے ایمبولینس سروس

پنڈ بیگوال اسلام آباد سے 30 منٹ کے فاصلے پر ایک خوبصورت گاؤں ہے۔ گاؤں کی خاص بات ذہنی صحت کے مریضوں کے لیے ایمبولینس سروس ہے۔ ایمبریس نامی اس سروس کو عبداللہ بن عباس نے کووڈ وبا کے دنوں میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر شروع کیا تھا۔ اب اس کا باضابطہ طور پر آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایمبریس کی خاص بات نفسیاتی مریضوں کو ان کی کیفیت کے مطابق سروس فراہم کرنا ہے۔ بہت سے مریضوں کا رویہ تعاون نہ کرنے والا ہوتا ہے۔ بعض اوقات انہیں سنبھالنا خاندان کے لیے بھی مشکل ہوتا ہے۔ کچھ مریضوں کو الگ تھلگ رکھا گیا ہوتا ہے۔ کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جن میں خودکشی کے رجحانات پائے جاتے ہیں۔

سروس کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ کا کہنا ہے کہ انہیں عوام کی طرف سے حیرت انگیز رسپانس ملا ہے۔ صرف پچھلے مہینے میں 60 سے 70 کیسز کو ہینڈل کیا گیا ہے۔ اس سروس سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

ذہنی صحت کے ساتھ جڑا سٹگما

ذہنی صحت کی ایمبولینسز کا پہلا تجربہ سویڈن میں کیا گیا۔ اس اختراعی کوشش سے اس اہم سروس کو نفسیاتی مریضوں کی دہلیز تک پہنچانے میں مدد ملی۔  ان ایمبولینسوں کو خاص طرح ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس سے غیر متعلق لوگوں کو معلوم نہیں ہو پاتا کہ یہ ذہنی صحت کے مریضوں کے لیے ہیں۔

اس وقت تین ایمبولینسیں چلائی جا رہی ہیں۔ ان میں مریضوں کو عام نظروں سے اوجھل اور احتیاط سے ذہنی مصحت کے مراکز تک منتقل کیا جاتا ہے۔ اس طرح ذہنی صحت سے جڑے سٹگما کو کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عملے میں مرد اور خواتین دونوں شامل ہیں۔ انہیں نفسیاتی ابتدائی طبی امداد، ہمدردانہ بات چیت اور نفسیاتی مریضوں کو سنبھالنے کی تربیت دی گئی ہے۔

ان کے مطابق منصوبے کو مالی طور پر قابل عمل بنانا ایک بڑا چیلنج ہے۔ اس لیے مریض کی مالی حالت کی بنیاد پر معاوضہ وصول کیا جاتا ہے۔ مستحق مریضوں کے لیے سروس مفت ہے۔

ذہنی صحت کے مریضوں کے لیے ایمبولینس سروس پاکستان میں ایک اختراعی تجربہ ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں 24 ملین افراد ذہنی صحت کے مسائل سے متاثر ہیں۔ اس لیے ایسی سروسز دیگر شہروں میں بھی شروع کرنے کی ضرورت ہے۔

Vinkmag ad

Read Previous

پنجاب میں 32 فیلڈ ہسپتالوں کا افتتاح کر دیا گیا

Read Next

پاخانے اور بڑی آنت کے مسائل

Leave a Reply

Most Popular