Vinkmag ad

ٹینائٹس: کانوں میں شور کیوں سنائی دیتا ہے؟

شور کسی کو بھی اچھا نہیں لگتا اور لوگ اس سے دور بھاگتے ہیں۔ تاہم کچھ لوگوں کو خاموشی میں بھی شور سنائی دیتا ہے۔ یہ ایسا شور ہے جسے صرف وہی سن سکتے ہیں اور یہ ایک یا دونوں کانوں میں گونج سکتا ہے۔ بزرگ اس مسئلے کے زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ اس کیفیت کو ٹینائٹس یا کانوں میں شور آنا کہتے ہیں۔

ٹینائٹس کی وجوہات

٭ کان کے اندرونی حصے (cochlea) میں چھوٹے چھوٹے بال نما خلیے ہوتے ہیں۔ جب کانوں میں آواز کی لہریں داخل ہوتی ہیں تو یہ خلیے حرکت کرتے ہیں اور دماغ کو پیغام جاتا ہے۔ دماغ اس کی شناخت آواز کی صورت میں کرتا ہے۔ بزرگی میں یا زیادہ عر صے تک اونچی آوازیں سننے سے بعض اوقات یہ بال مڑ یا ٹوٹ جاتے ہیں۔ اس سے یہ مسئلہ پیدا ہوتا ہے۔

٭ کان میں انفیکشن، ویکس، گرد و غبار یا کسی اور وجہ سے کان کی نالی میں رکاوٹ پیدا ہو جاتی ہے۔ اس سے کانوں کے اندر دباؤ متاثر ہوتا ہے جو اس مسئلے کی وجہ بنتا ہے۔

٭ سر یا گردن پر چوٹ سے کان کا اندرونی حصہ، سماعت سے متعلق اعصاب اور سننے سے متعلق دماغ کے حصوں کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔ ایسی صور ت میں عموماً ایک کان میں ٹینائٹس ہوتا ہے۔

٭ کچھ ادویات کا زیادہ استعمال کانوں میں شور کا سبب بن سکتا ہے۔ ایسے میں اگر ان کا استعمال کم کر دیا جائے تو مسئلہ حل ہو جاتا ہے۔ ان کی کچھ مثالیں یہ ہیں:

٭ درد، سوجن اور بخار کم کرنے والی ادویات (NSAIDs)

٭ کچھ اینٹی بائیوٹکس

٭ کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی دوائیں

٭ پیشاب آور ادویات

٭ملیریا سے بچاؤ کی دوائیں

٭ ذہنی تناؤ دور کرنے والی دوائیں

خطرے کی زد میں کون

یہ مسئلہ کسی کو بھی ہو سکتا ہے۔ تاہم ان لوگوں میں اس کے امکانات زیادہ ہیں:

٭ فیکٹریوں میں کام کرنے والے افراد

٭ گلوکار

٭ سپاہی

٭ایئر فون کے ذریعے اونچی آواز میں موسیقی سننے والے افراد

٭ وہ افراد جو شور والی جگہوں پر زیادہ وقت گزارتے ہوں

٭ بڑی عمر کے افراد

٭ مرد حضرات

تمباکو نوشی اور الکوحل کا زیادہ استعمال سماعت سے متعلق اعصاب، حلق اور کان کو ملانے والی نالی اور اندرونی کان کی لائننگ کو متاثر کرتا ہے۔ اس سے کان کے اندرونی حصے تک خون کا بہاؤ بھی بڑھ جاتا ہے۔ یہ کانوں میں شور کا سبب بن سکتا ہے۔ موٹاپا، امراض قلب، ہائی بلڈ پریشر، آرتھرائٹس یا سر کی چوٹ سے بھی ٹینائٹس کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

کرنے کے کام

٭ شور والی جگہوں سے اجتناب کریں اور اگر جانا ہو تو کانوں پر حفاظتی آلات پہنیں۔

٭ ایئر فونز سے اونچی آواز میں موسیقی سننے سے گریز کریں۔

٭ دل کی صحت کا خیال رکھیں، باقاعدگی سے ورزش کریں اور صحت بخش غذا کھائیں۔

٭الکوحل اور کیفین کے زیادہ استعمال سے اجتناب کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

پٹھوں کی کمزوری

Read Next

دوران حمل واٹر بیگ میں پانی کی کمی یا زیادتی

Leave a Reply

Most Popular