Vinkmag ad

کان میں میل کیسے جمع ہوتی ہے؟

کان وہ اہم عضو ہیں جو مختلف آوازوں کو دماغ تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ جسم کا توزان برقرار رکھنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔ سننے کا عمل اس کے تین حصے (بیرونی، درمیانی اور اندرونی) مل کر سر انجام دیتے ہیں۔ بیرونی اور درمیانی حصے کے درمیان ایک نالی ہوتی ہے۔ اس میں موجود زرد رنگ کے مادے کو عام فہم زبان میں کان کا میل یا ویکس کہا جاتا ہے۔ کان میں میل کیسے بنتی ہے، آئیے جانتے ہیں۔

ویکس کیسے بنتی ہے

کان کی نالی میں کچھ خاص غدود ہوتے ہیں جن سے چکنی رطوبت خارج ہوتی ہے۔ یہ جلد کے مردہ خلیوں اور گرد و غبار سے مل کر ویکس بناتی ہے۔ اس مادے کو محض ظاہری شکل و صورت کی وجہ سے ہی ویکس کہتے ہیں۔ جب ویکس بننے کا عمل اس کے خارج ہونے کے مقابلے میں زیادہ تیز ہو تو کان کی نالی بند ہو جاتی ہے۔ نتیجتاً اس میں درد ہوتا ہے، یہ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے اور اس میں خارش ہوتی ہے۔

میل صاف کرنے کا صحیح طریقہ

بعض افراد اسے تیلیوں یا بالوں میں لگانے والی پن سے صاف کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کے اخراج کے لیے قدرتی طور پر ایک نظام موجود ہے جس کے تحت یہ بننے کے بعد خود ہی کان کی بیرونی سطح پر آجاتی ہے۔ یہاں اسے صاف کرنے کے لیے پانی نچوڑے ہوئے کپڑے یا ٹشو کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اسے باہر کی طرف منتقل کرنے میں جبڑوں کی حرکات بھی مدد یتی ہیں۔

ویکس کی حرکت اور ساخت میں تبدیلی کا ایک سبب بڑھتی ہوئی عمر ہے۔ عمر کے ساتھ یہ سخت ہونے لگتی ہے اور بیرونی سطح تک آنے میں زیادہ وقت لگاتی ہے۔ بزرگوں میں یہ کانوں کے معائنے میں رکاوٹ اور سماعت متاثر کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔

رنگ مختلف کیوں

بعض افراد میں اس کا رنگ ہلکا زرد جبکہ کچھ میں سیاہ ہوتا ہے۔ اس کی یہ وجوہات ہیں:

٭ ویکس کا زیادہ دیر کان میں رہنا

٭ اس میں میل کی مقدار زیادہ ہونا

آلودہ ماحول میں رہنے اور کام کرنے والوں میں یہ عموماً گہری رنگت کی ہی ہوتی ہے۔

ویکس کی اہمیت

٭ یہ کانوں کی صفائی کے لیے بنتی ہے۔

٭ یہ کان کے اندرونی حصوں کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔

٭ کان کی نالی کو نم رکھ کر اسےخشک ہونے سے بچاتی ہے۔

٭ اس میں خاص قسم کے کیمیائی مادےہوتے ہیں جو کان کی نالی کی جلد کو انفیکشنز سے محفوظ رکھتے ہیں۔

٭ کان کی نالی میں پانی جانا سوزش کا سبب بن سکتا ہے۔ یہ اس سے بھی بچاتی ہے۔

Vinkmag ad

Read Previous

تشنج

Read Next

ادویات کی قیمتوں کا تعین، ڈریپ سے اختیار واپس لینے کا فیصلہ

Leave a Reply

Most Popular